اسلام آباد(نیوز ڈیسک)پنجاب کی جیلوں میں موجود قیدیوں میں ایڈز وائرس کی موجوگی کا انکشاف ہوا ہے۔ متاثرہ قیدیوں کا علاج بھی جیلوں میں ہی شروع کر دیا گیا ہے۔محکمہ جیل خانہ جات کی جانب سے پنجاب اسمبلی میں داخل کرائے گئے جواب میں انکشاف ہوا ہے کہ پنجاب کی جیلوں میں موجود متعدد قیدی ایڈز سے متاثر ہیں۔ 51ہزار 931قیدیوں کے ایچ آئی وی ٹیسٹ کروائے گئے جن میں سے 231 قیدیوں کے ایڈز ٹیسٹ مثبت نکلے۔محکمہ جیل خانہ جات کے مطابق متاثرہ قیدیوں کا علاج جیل میں شروع کر دیا گیا ہے جبکہ دوسرے قیدیوں کو ایڈز سے متاثرہ قیدیوں سے الگ رکھا گیا ہے، محکمہ جیل خانہ جات کے مطابق پنجاب کی جیلوں میں 35خواتین سمیت سزائے موت کے 64قیدی موجود ہیں۔ خواتین قیدیوں کا قصاص بیت المال سے ادا کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔ ایسی خواتین جو دیت اور قصاص ادا نہ کرسکیں گی ان کا جرمانہ بیت المال کے فنڈ سے ادا کیا جائیگا۔