لاہور( این این آئی) پاکستان تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی بریگیڈیئر (ر)اسلم گھمن نے دعویٰ کیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی سے اعلی ترین سطح پربات چیت ہورہی ہے اور وہ اسی سال جیل سے باہر آ جائیں گے،
میری مذاکرات کرنے والے کچھ لوگوں سے بات ہوئی ہے تاہم مذاکرات میں شامل افراد کے نام امانت ہیں اس لیے وہ بتانا نہیں چاہتا۔ایک انٹر ویو میں بریگیڈئیر (ر) اسلم گھمن نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی اصولوں پر قائم ہیں اور وہ کبھی اس بات پر راضی نہیں ہوں گے کہ ملک پر کسی کی اجارہ داری قائم رہے۔بانی پی ٹی آئی کی رہائی سے متعلق انہوں نے دعوی کیا کہ بانی پی ٹی آئی اسی سال جیل سے باہر آ جائیں گے کیونکہ موجودہ حکمرانوں سے ملک اور معیشت نہیں چل رہی۔اسلم گھمن نے کہا کہ یہ نالائقوں کا ٹولہ ہے ،ملک میں گڈ گورننس نام کی کوئی چیز نہیں ۔
انہوں نے وفاقی وزیر قیصر احمد شیخ کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک شریف اور ایماندار انسان ہیں اور فارم 47 والی پیداوار نہیں ،یہ فرعونیت کی حد ہے اگر ایک وزیر بھی وزیراعظم سے آسانی سے نہیں مل سکتا۔انہوں نے طنز کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلی اور دیگر حکمران صرف سرکاری جہازوں اور ہیلی کاپٹروں میں بیٹھ کر گھومنے کے اہل ہیں۔



















































