اسلام آباد (نیوز ڈیسک) اب متحدہ عرب امارات میں رہائش پذیر پاکستانی شہریوں کو پنجاب میں زمین اور جائیداد سے متعلق ریکارڈ کے حصول کے لیے پاکستان آنے کی ضرورت نہیں ہوگی۔
یو اے ای میں پنجاب لینڈ ریکارڈ سروسز کا باقاعدہ آغاز کردیا گیا ہے۔ابوظہبی میں پاکستانی سفارتخانے اور دبئی میں پاکستانی قونصل جنرل نے پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی کے تعاون سے یہ سہولت متعارف کرائی ہے۔ نئی سروس دونوں پاکستانی مشنز میں دستیاب ہوگی، جس سے اوورسیز پاکستانیوں کو اراضی سے متعلق مختلف ضروری خدمات اپنے موجودہ ملک میں ہی حاصل کرنے میں آسانی ہوگی۔سفارتخانے کے مطابق اس سہولت کے آغاز کے ساتھ ہی دونوں مشنز میں ’فرد‘ یعنی زمین کی ملکیت کا ریکارڈ جاری کرنے کا عمل بھی شروع کردیا گیا ہے۔ اس طرح یو اے ای میں مقیم پاکستانی پنجاب میں اپنی زمین اور جائیداد سے متعلق ریکارڈ حاصل کرنے کے لیے پاکستان کا سفر کیے بغیر متعلقہ خدمات سے استفادہ کرسکیں گے۔حکام کے مطابق اس اقدام کا مقصد اوورسیز پاکستانیوں کو زیادہ آسان، شفاف اور مؤثر سرکاری سہولیات فراہم کرنا اور بنیادی خدمات کو ان کی دسترس کے قریب لانا ہے۔
پاکستانی سفارتخانے کا کہنا ہے کہ یو اے ای میں پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی کی خدمات کا آغاز حکومت کی جانب سے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے لیے ڈیجیٹل سہولت کاری بہتر بنانے کی وسیع تر کوششوں کا حصہ ہے، جس کے ذریعے سرکاری خدمات تک رسائی مزید آسان بنائی جا رہی ہے۔بیان کے مطابق اس سہولت سے متعلق مزید معلومات حاصل کرنے کے خواہشمند پاکستانی شہری پاکستانی سفارتخانے یا قونصل جنرل کی 24 گھنٹے دستیاب ہیلپ لائنز سے رابطہ کرسکتے ہیں، جبکہ دفتری اوقات میں متعلقہ مشنز کا دورہ بھی کیا جاسکتا ہے۔



















































