کراچی (این این آئی) ایزی پیسہ ڈیجیٹل بینک اور کے ٹریڈ نے ایک منفرد شراکت داری کے تحت پاکستان میں اسٹاک مارکیٹ میں
سرمایہ کاری کو لاکھوں افراد کے لیے مزید آسان اور قابل رسائی بنانے کا اعلان کیا ہے۔ اس شراکت داری کے ذریعے ایزی پیسہ ایپ پر پاکستان اسٹاک ایکسچینج (PSX) میں سرمایہ کاری کے لیے فوری اور مکمل ڈیجیٹل اکاؤنٹ کھولنے کی سہولت فراہم کر دی گئی ہے۔اس شراکت داری کا باقاعدہ اعلان اسلام آباد میں منعقدہ ایک تقریب کے دوران کیا گیا، جس میں سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان کے کمشنر مظفر مرزا سمیت سینئر نمائندگان، سی ای او نیشنل کلیئرنگ کمپنی آف پاکستان لمیٹڈنوید قاضی، سی ای اوسینٹرل ڈپازٹری کمپنی بدی الدین اکبر،ا یزی پیسہ اور کے ٹریڈ کے حکام نے شرکت کی۔اس تعاون کے ذریعے ایزی پیسہ کے صارفین مکمل طور پر ڈیجیٹل اور آسان آن بورڈنگ کے عمل کے تحت ‘کے ٹریڈ’ کے ذریعے صرف 10 منٹ کے اندر پاکستان سٹاک ایکسچینج میں سرمایہ کاری کے لیے اپنا اکاؤنٹ کھول سکیں گے۔ یہ سہولت روایتی طریقہ کار اور کاغذی کارروائی کی رکاوٹوں کو ختم کرے گی، جس نے طویل عرصے سے پاکستان کے عوام کی کیپیٹل مارکیٹس میں وسیع پیمانے پر شرکت کو محدود کر رکھا تھا۔
یہ اقدام مالی شمولیت کے فروغ میں بھی اہم کردار ادا کرے گا اور سرمایہ کاری کے مواقع کو ہر پاکستانی کے لیے زیادہ قابل رسائی بنائے گا۔اس شراکت داری کے اثرات فوری اور غیر معمولی رہے، جہاں ایزی پیسہ اور کے ٹریڈ نے پاکستان اسٹاک ایکسچینج کی تاریخ میں ایک ہی دن کے دوران سرمایہ کاری کے سب سے زیادہ اکاؤنٹس کھولنے کا ریکارڈ قائم کیا، جو پاکستان میں ڈیجیٹل ذرائع کے ذریعے دولت سازی کے شعبے میں ایک نئی مثال ہے۔اس موقع پر اظہارخیال کرتے ہوئے ایزی پیسہ ڈیجیٹل بینک کے صدر اور چیف ایگزیکٹو آفیسرجہانزیب خان نے کہاایزی پیسہ میں ہمارا مشن ہر پاکستانی کے لیے مالی مواقع تک رسائی کو ممکن بنانا ہے۔ کے ٹریڈ کے ساتھ ہماری شراکت داری کے ذریعے ہم اس وژن کو ادائیگیوں اور بینکاری سے آگے بڑھاتے ہوئے سرمایہ کاری کے شعبے تک وسعت دے رہے ہیں، تاکہ صارفین ایک آسان، محفوظ اور مکمل ڈیجیٹل تجربے کے ذریعے پاکستان کی کیپیٹل مارکیٹس کا حصہ بن سکیں۔ یہ شراکت داری ایک زیادہ مالی طور پر بااختیار اور جامع پاکستان کی تعمیر کی جانب ایک اور اہم قدم ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ میں بروکریج اکاؤنٹس کی ڈیجیٹل آن بورڈنگ کے عمل میں تعاون اور معاونت پر ایس ای سی پی، این سی سی پی ایل اور سی ڈی سی کا بھی شکریہ ادا کرنا چاہوں گا، جن کی کاوشوں نے لاکھوں مزید پاکستانیوں کے لیے رسمی سرمایہ کاری کے نظام میں شرکت کی بنیاد فراہم کی ہے اور پاکستان کی کیپیٹل مارکیٹس کی ترقی کو آگے بڑھانے میں مدد دی ہے۔
کے ٹریڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر، محمود علی شاہ بخاری نے کہا کہ سرمایہ کاری کا مستقبل رسائی اور سہولت میں انحصار کرتا ہے۔ ایزی پیسہ کے ساتھ ہمارے تعاون کے ذریعے ہم اسٹاک مارکیٹ کو لاکھوں پاکستانیوں کے مزید قریب لا رہے ہیں اور پیسہ کمانے کے مواقع تک ان کی پہنچ آسان کر رہے ہیں۔ ہم مل کر ملک میں سرمایہ کاری کے ایک مضبوط کلچر کو فروغ دینے میں مدد کر رہے ہیں۔این سی سی پی ایل کے نمائندگان نے سرمایہ کاروں کی شرکت میں اضافے اور پاکستان کے مالیاتی نظام کو مزید مضبوط بنانے کے لیے ڈیجیٹل جدت کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ اس موقع پر سی ڈی سی کے معاون کردار کو بھی سراہا گیا، جس نے اس اقدام کو عملی شکل دینے کے لیے درکار انفراسٹرکچر اور باہمی تعاون کو ممکن بنانے میں مدد فراہم کی۔یہ شراکت داری کیپیٹل مارکیٹس میں عام سرمایہ کاروں کی شرکت بڑھانے، ڈیجیٹل مالیاتی خدمات کے استعمال کو فروغ دینے اور کم سہولیات رکھنے والے طبقات کے لیے پیسہ کمانے کے نئے مواقع پیدا کرنے کی قومی کوششوں سے ہم آہنگ ہے۔فوری اکاؤنٹ آن بورڈنگ، آسان صارف تجربے اور محفوظ مارکیٹ تک رسائی کے ذریعے ایزی پیسہ اور کے ٹریڈ ڈیجیٹل سرمایہ کاروں کی ایک نئی نسل کے لیے راہ ہموار کر رہے ہیں اور مزید پاکستانیوں کو طویل مدتی مالی ترقی کی جانب اپنا پہلا قدم اٹھانے میں مدد فراہم کر رہے ہیں۔60 ملین سے زائد رجسٹرڈ صارفین کے ساتھ، اور ملک کے پہلے ڈیجیٹل بینک کے طور پر تجارتی سرگرمیوں کا آغاز کرنے والا ایزی پیسہ، اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے جامع اقتصادی ترقی کے وژن سے ہم آہنگ ہے۔ ایزی پیسہ اپنی مالیاتی مصنوعات اور خدمات کی رینج میں مسلسل توسیع کر رہا ہے، تاکہ نہ صرف اپنے موجودہ صارفین بلکہ ان لاکھوں پاکستانیوں کی ضروریات بھی پوری کی جا سکیں جو اب بھی بینکاری کی سہولیات سے محروم ہیں یا محدود رسائی رکھتے ہیں۔



















































