لاہور (نیوز ڈیسک) انسپکٹر جنرل پنجاب پولیس ڈاکٹر عثمان انور نے اعلان کیا ہے کہ آج سے پنجاب کے 27 اضلاع میں سیف سٹی پروگرام کا باضابطہ آغاز کیا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اس منصوبے کے باعث صوبے میں جرائم کی شرح میں نمایاں کمی آئی ہے۔
لاہور میں ایڈیشنل آئی جی سی سی ڈی سہیل ظفر چٹھہ کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے آئی جی پنجاب نے بتایا کہ پنجاب میں جرائم میں تقریباً 70 فیصد تک کمی واقع ہوئی ہے۔ انہوں نے سی سی ڈی ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے انہیں شاباش دی۔
اس موقع پر ایڈیشنل آئی جی سہیل ظفر چٹھہ نے کہا کہ غیر قانونی اسلحہ رکھنے والے افراد مقررہ مدت کے اندر اپنا اسلحہ جمع کروائیں، بصورتِ دیگر سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ ان کے مطابق ڈیڈ لائن گزر جانے کے بعد کسی کے ساتھ رعایت نہیں برتی جائے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ جن افراد کے درمیان دشمنیاں یا تنازعات ہیں، انہیں چاہیے کہ آپس میں صلح کرلیں یا پھر ملک چھوڑنے پر غور کریں۔
ایڈیشنل آئی جی کا کہنا تھا کہ وہ شہری جن کا کوئی مجرمانہ ریکارڈ نہیں، وہ لائسنس یافتہ اسلحہ رکھنے کے اہل ہیں، تاہم کسی کو بھی اسلحے کی نمائش کی اجازت نہیں دی جائے گی۔















































