افغانستان (نیوز ڈیسک) طالبان حکومت کے سپریم لیڈر ملا ہیبت اللہ اخوندزادہ نے وزارتِ توانائی کو دریائے کنڑ پر ڈیم کی تعمیر فوری طور پر شروع کرنے کی ہدایت جاری کر دی۔
افغان میڈیا رپورٹس کے مطابق ملا ہیبت اللہ اخوندزادہ نے حکم دیا ہے کہ اس منصوبے کے لیے ملکی کمپنیوں کے ساتھ ہی معاہدے کیے جائیں اور کسی غیر ملکی کمپنی کے انتظار میں وقت ضائع نہ کیا جائے۔
اس موقع پر وزیرِ پانی و توانائی ملا عبداللطیف منصور نے کہا کہ افغان عوام کو اپنے آبی وسائل پر اختیار حاصل ہے، اور یہ فیصلہ اس بات کا ثبوت ہے کہ افغان قوم اپنے قدرتی ذخائر کو خود سنبھالنے کے لیے پرعزم ہے۔
دریائے کنڑ چترال کے پہاڑی سلسلوں سے نکلتا ہے اور تقریباً 482 کلومیٹر کا فاصلہ طے کرنے کے بعد دریائے کابل میں شامل ہوتا ہے، جو بعد ازاں پاکستان میں داخل ہوتا ہے۔
یاد رہے کہ چند روز قبل بھی وزیرِ توانائی ملا عبداللطیف منصور نے دریائے کنڑ پر ڈیم کی تعمیر کو طالبان حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل قرار دیا تھا۔















































