اسلام آباد (نیوز ڈیسک) اسلام آباد پولیس کے ایس پی عدیل اکبر نے مبینہ طور پر خود کو گولی مار کر زندگی کا خاتمہ کرلیا۔پولیس ذرائع کے مطابق واقعہ اس وقت پیش آیا جب ایس پی عدیل اکبر نے اپنے گن مین سے اسلحہ لے کر خود پر فائر کیا۔زخمی حالت میں انہیں فوری طور پر پمز اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔
عدیل اکبر اسلام آباد پولیس میں ایس پی انڈسٹریل ایریا کے طور پر خدمات انجام دے رہے تھے۔ذرائع کے مطابق خودکشی سے کچھ دیر قبل ہی وہ حاجی کیمپ کے دورے پر تھے، جہاں انہوں نے سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا اور ڈیوٹی پر مامور اہلکاروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت دی تھی۔اسلام آباد پولیس کی جانب سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (X) پر ان کے دورے کی تصاویر بھی جاری کی گئی تھیں، جن میں ایس پی عدیل اکبر کو سیکیورٹی افسران سے ملاقات کرتے اور صورتحال کا معائنہ کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔واقعے کے بعد پولیس نے تحقیقات شروع کر دی ہیں تاکہ واقعے کی وجوہات اور محرکات کا تعین کیا جا سکے۔