اسلام آباد (نیوز ڈیسک) بھارتی میڈیا کی جانب سے پہلگام حملے کے حوالے سے گمراہ کن اطلاعات کا بھانڈا اس وقت پھوٹ گیا جب ایک بھارتی جوڑے نے ویڈیو بیان جاری کرکے اپنی زندگی کی تصدیق کی اور میڈیا پر چلنے والی جھوٹی خبروں کو بے نقاب کر دیا۔
رپورٹس کے مطابق بھارتی میڈیا نے حالیہ پہلگام واقعے میں مبینہ طور پر ہلاک ہونے والے بھارتی نیول افسر اور ان کی بیوی کے طور پر جن تصاویر کو پیش کیا، وہ دراصل ایک زندہ جوڑے کی پرانی تصویریں تھیں۔
متاثرہ جوڑے نے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو جاری کی جس میں خاتون نے واضح طور پر کہا کہ وہ دونوں بالکل خیریت سے ہیں اور انہیں بالکل اندازہ نہیں کہ ان کی تصاویر کو اس طرح غلط طور پر کیوں استعمال کیا جا رہا ہے۔
جوڑے کا کہنا تھا کہ ان کی پرانی تصاویر کو ایک نیول افسر اور ان کی اہلیہ کی حیثیت سے دکھانا انتہائی حیران کن ہے اور وہ اس من گھڑت رپورٹنگ پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہیں۔
یہ واقعہ بھارتی میڈیا کی سچائی اور پیشہ ورانہ رویے پر کئی سوالات کھڑے کر رہا ہے، جہاں بغیر تصدیق کے خبریں نشر کی جا رہی ہیں۔