اسلام آباد(این این آئی)بین الاقوامی موسمیاتی ایپس نے رواں سال مون سون میں پاکستان میں زائد بارشوں کی پیشگوئی کردی۔ترجمان محکمہ موسمیات انجم نذیر کے مطابق اپریل سے جون تک ملک میں درجہ حرارت معمول سے زائد رہ سکتے ہیں جبکہ اس دوران ملک میں بارشیں معمول کے مطابق ہوں گی اور اپریل سے جون تک بارشوں کا ملک کے پانی کے ذخائر میں حصہ 19فیصد ہے۔
اس کے علاوہ خیبر پختونخوا اورگلگت بلتستان میں اپریل سے جون تک معمول سے کم بارشیں ہوں گی، رواں سال موسم سرما میں ملک میں 61فیصد معمول سے کم بارشیں ہوئیں اور رواں سال برفباری بھی 50فیصد کم ہوئی ہے۔ترجمان محکمہ موسمیات کے مطابق ملک بھر کے ڈیمز میں پانی پہلے ہی ڈیڈ لیول سے نیچے ہے، سندھ کے اکثر علاقوں میں معتدل خشک سالی کا اعلان کردیا گیا ہے۔
انہوں نے کہاکہ کراچی میں کچی زمین نہ ہونے کے برابر ہے، کراچی میں واٹر ہارویسٹنگ کی ضرورت ہے، کراچی میں کنکریٹ ہونے کے باعث بارش کا پانی زیر زمین جانے کے بجائے سمندر میں چلا جاتا ہے۔انہوں نے بتایا کہ کراچی میں جہاں اب بھی کچے علاقے ہیں وہاں کنویں بنانے کی ضرورت ہے، ان کی مدد سے زیر زمین پانی کی سطح میں اضافہ ہوسکتا ہے، بین الاقوامی موسمیاتی ایپس پاکستان میں زائد بارش کی پیشگوئی کررہی ہیں، مون سون کی درست پیشگوئی مئی کے آخر یا جون کی ابتدا میں کی جاسکے گی۔