منسک (این این آئی)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بیلاروس کے صدر الیگزینڈر لوکاشینکو کی مہمان نوازی پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ آج پاکستان بیلاروس تعلقات میں ایک یادگار دن ہے ، بیلاروس کے ساتھ تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے جائیں گے۔ جمعہ کو بیلاروس کے صدر کے ساتھ ملاقات کیبعد ایکس پر اپنے پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ بیلا روس کے صدر الیگزینڈر لوکاشینکو کے ساتھ خوشگوار ملاقات ہوئی ، میری اور میرے وفد کی مہمان نوازی پر میں نے ان کا شکریہ ادا کیا ۔
انہوں نے کہا کہ ملاقات میں ہم نے دوطرفہ تعاون کے تمام شعبوں کا جائزہ لیا جس میں سیاسی، تجارتی، سرمایہ کاری، اور عوام سے عوام کے روابط شامل ہیں ۔ وزیراعظم نے کہا کہ بیلاروس میں قومی تعمیر کی کوششوں میں حصہ ڈالنے کے لئے 150,000 سے زیادہ انتہائی ہنر مند پاکستانیوں کو بیلا روس بھیجنے پر اتفاق ہوا ہے ، زراعت اور غذائی تحفظ کے شعبوں میں تعاون میں اضافہ اور الیکٹرک بسوں اور زرعی مشینری کی تیاری میں ممکنہ مشترکہ منصوبے ایسے اقدامات ہیں جو ہماری دوستی کے پائیدار بندھن کو دیرپا شراکت داری میں تبدیل کرنے میں معاون ہوں گے ۔ وزیراعظم نے کہا کہ صدر لوکاشینکو اور میں پاکستان اور بیلاروس کے تعاون کو نئی اور بلندیوں تک لے جانے کی بھرپور خواہش رکھتے ہیں ۔