لاہور(این این آئی)لاہور ہائیکورٹ نے ارشد خان چائے والا کا شناختی کارڈ اور پاسپورٹ منسوخ کرنے سے متعلق کیس کا تحریری حکم جاری کردیا ۔ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس جواد حسن نے نادرا سمیت دیگر فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 17اپریل کو جواب طلب کر لیا ۔جسٹس جواد حسن نے ارشد خان چائے والا کی درخواست پر سماعت کی ۔ تحریری حکم میں کہا گیا کہ ارشد خان نے نادرا سمیت دیگر فریقین کی جانب سے شناختی کارڈ اور پاسپورٹ کی منسوخی کو چیلنج کیا ، وکیل درخواست گزار کے مطابق ایک ٹی وی چینل کی افواہ کے باعث ارشد خان کے مستقبل کو دا ئوپر لگا دیا گیا ،سرکاری وکیل نے درخواست کے قابل سماعت ہونے پر اعتراضات اٹھائے، سرکاری وکیل کے مطابق ارشد خان نے پاکستانی شہری ہونے کی کوئی دستاویز پیش نہیں کی ،سرکاری وکیل کے مطابق، ارشد خان کا شناختی کارڈ اور پاسپورٹ بلاک کرنا درست عمل ہے۔
درخواست گزار کے وکیل کے مطابق ارشد خان پاکستانی شہری ہے، ارشد خان کے خاندان کی پاکستانی شہریت کی ایک پوری تاریخ ہے، وکیل کے مطابق ارشد خان سے 1978 سے پہلے کا ریزیڈنسی پروف مانگنا بدنیتی پر مبنی ہے، وکیل کے مطابق پاکستانی سٹیزن شپ ایکٹ 1951 کے مطابق پاسپورٹ ہر شہری کا بنیادی حق ہے، عدالت فریقین کو 17 اپریل کے لیے نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرتی ہے، سرکاری وکیل اس بات کو یقینی بنائیں کہ متعلقہ ادارے رپورٹس جمع کروائیں۔