اسلام آباد (نیوز ڈیسک) ٹرمپ انتظامیہ نے منجمد کی گئی غیر ملکی امداد کے فنڈز میں سے پاکستان سے متعلقہ پروگرامز کے لیے 397 ملین ڈالر سمیت مجموعی طور پر 5.3 ارب ڈالر جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ایک نجی ٹی وی چینل نے غیر ملکی خبر ایجنسی کے حوالے سے اطلاع دی ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی حکومت نے زیادہ تر سکیورٹی اور منشیات کے خلاف پروگرامز کے لیے امدادی فنڈز جاری کیے ہیں، جبکہ انسانی بنیادوں پر فراہم کی جانے والی امداد کے لیے کم فنڈز مختص کیے گئے ہیں۔ امریکی کانگریس کے ایک اہلکار کے مطابق پاکستان میں امریکہ کی حمایت سے چلنے والے منصوبوں کے لیے 397 ملین ڈالر مختص کیے گئے ہیں، جو خاص طور پر ایف-16 طیاروں کے استعمال کی نگرانی سے متعلق ہیں۔
خبر ایجنسی کے مطابق، یو ایس ایڈ کے پروگرامز کے لیے 100 ملین ڈالر سے کم فنڈز جاری کیے گئے ہیں، جبکہ ریڈ کراس کے لیے علیحدہ سے 56 ملین ڈالر فراہم کیے گئے ہیں۔ یاد رہے کہ صدر ٹرمپ نے اقتدار سنبھالنے کے بعد غیر ملکی امداد روکنے کا حکم دیا تھا، تاہم اب یہ فنڈز دوبارہ جاری کیے جا رہے ہیں۔