راولپنڈی (این این آئی) پاک فوج کے سربراہ جنرل سیدعاصم منیرنے کہاہے کہ مجھے کسی کا کوئی خط نہیں ملا ، اگر کوئی خط ملا تو وزیراعظم کو بھجوادونگا ،پاکستان آگے بڑھ رہا ہے اور پاکستان کو آگے بڑھنا ہے، ملک میں ترقی ہورہی ہے ۔ آرمی چیف نے صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان آگے بڑھ رہا ہے اور پاکستان کو آگے بڑھنا ہے،پاکستان میں ترقی ہو رہی ہے۔ سربراہ پاک فوج نے کہاکہ مجھے کسی کا کوئی خط نہیں ملا، اگر کوئی خط ملا تو وزیر اعظم کو بھجوا دونگا۔
خیال رہے کہ سابق وزیراعظم اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان آرمی چیف جنرل عاصم منیر کو اب تک 3 خط لکھ چکے ہیں۔عمران خان کی جانب سے پاک فوج کے سربراہ کو پہلا خط 3 فروری کو لکھا گیا تھا جس میں انہوں نے پاک فوج کے سربراہ سے پالیسیوں میں تبدیلی کی اپیل کی تھی۔بانی پی ٹی آئی نے آرمی چیف جنرل عاصم منیر کو دوسرا خط 8 فروری کو لکھا تھا جس میں ان کا کہنا تھا کہ گن پوائنٹ پر 26ویں آئینی ترمیم کے ذریعے عدالتی نظام پر قبضہ کیا گیا۔پاک فوج کے سپہ سالار کو تیسرا خط گزشتہ روز لکھا گیا جس کی تصدیق عمران خان کے وکیل فیصل چوہدری نے اڈیالہ جیل کے باہر گفتگو کے دوران کی۔