پشاور(این این آئی)پاکستان تحریک انصاف کے رہنما، سابق وزیر مملکت شہریار آفریدی نے کہا ہے کہ شیر افضل مروت مشکل وقت میں مضبوط کھڑے رہے، انہیں ہٹانے کا علم چیئرمین بیرسٹر گوہر علی کو بھی نہیں، ہم عمران خان سے معلوم کریں گے، پھر پتا چل جائے گا، جیلوں میں پی ٹی آئی کے سیاسی قیدیوں سے بد ترین سلوک کیا جا رہا ہے۔
پی ٹی آئی رہنما شہریار آفریدی نے پشاور ہائیکورٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم اور ہمارے بانی عمران خان آئین کی بالا دستی چاہتے ہیں، پختونخوا میں ضم کیے گئے اضلاع کے ساتھ ریاست نے وعدے پورے نہیں کیے۔انہوں نے کہا کہ کوہاٹ کی 20 ارب روپے سے زائد رائلٹی کو روکا گیا ہے، پنجاب میں پی ٹی آئی ورکرز اور ٹکٹ ہولڈرز سے بدترین سلوک کیا جا رہا ہے، جیلوں میں پی ٹی آئی کے سیاسی قیدیوں سے غیر مناسب سلوک کا سلسلہ جاری ہے، جتنے یہ ظلم کرتے جائیں، بانی کے پیرو کاروں میں اضافہ ہو رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ شیر افضل مروت مشکل وقت میں مضبوط کھڑے رہے ہیں، عمران خان رحم دل انسان ہیں، شیر افضل مروت کے حوالے سے جلد بات کرلی جائے گی، ہم سب پارٹی کے کوڈ آف کنڈکٹ کے پابند ہیں، عمران خان اور ہم سب قانون کی بالا دستی کے لیے کھڑے ہیں۔
سابق وزیر مملکت نے کہا کہ افغانستان ہمارا برادر اسلامی ملک ہے، ایسا وطیرہ اپنانا زیب نہیں دیتا، جو رویہ افغانستان کے ساتھ روا رکھا گیا ہے ، یہ درست نہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں پلے بڑھے افغانی پاکستان کے وفادار ہیں، پاکستان سے محبت کرتے ہیں، مذاکرات ایسے معاملات میں نہیں ہوتے، جہاں بد ترین فسطایت ہو، بانی نے مذاکرات کے لیے مطالبات پیش کیے جن پر کوئی عمل نہیں ہوا۔