راولپنڈی(این این آئی)بنوں میں چیک پوسٹ پر حملے کی کوشش کرنیو الے دہشت گردوں کیساتھ فائرنگ کے تبادلے میں 6 خوارج مارے گئے جبکہ 12 جوان شہید ہو گئے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق19 نومبر کو خوارج نے ضلع بنوں کے علاقے ملی خیل میں ایک مشترکہ چیک پوسٹ پر حملہ کرنے کی کوشش کی، اس دوران فائرنگ کے تبادلے میں 6 خوارج جہنم واصل ہوگئے۔
سکیورٹی فورسز کی مؤثر مزاحمت کے باعث خوارج چیک پوسٹ میں داخل نہیں ہوسکے، جس پر انہوں نے بارود سے بھری ایک گاڑی کو چیک پوسٹ کی بیرونی دیوار سے ٹکرا دیا۔ خودکش دھماکے کے نتیجے میں دیوار کا ایک حصہ گر گیا اور ارد گرد کا انفرا اسٹرکچر بھی متاثر ہوگیا۔خودکش دھماکے میں12 بہادر سپوت شہید ہوگئے جن میں 10 سکیورٹی فورسز کے جوان اور فرنٹیئر کانسٹیبلری کے2 اہلکار شامل ہیں۔ترجمان پاک فوج کے مطابق علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے اور اس گھناؤنے عمل کے ذمے داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔آئی ایس پی آر نے کہاہے کہ پاکستان کی سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے دہشت گردی کے خاتمے کیلئے پرعزم ہیں،ہمارے بہادر جوانوں کی یہ قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔