ریاض(این این آئی)سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات ہوئی جس میں انہوں نے پاک بھارت کشیدگی دور کرنے کیلئے بات چیت پر زور دیا۔پاکستانی دفتر خارجہ اور سعودی حکومت کی طرف سے جاری مشترکہ اعلامیہ میں کہاگیاکہ دونوں اطراف نے پاک بھارت مذاکرات کی ضرورت و اہمیت پر زور دیا، دونوں ممالک کے دیرینہ مسائل خصوصاً مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے بات چیت پر زور دیا گیا۔اعلامئے کے مطابق پاکستان کی طرف سے دوطرفہ تعلقات کو آگے بڑھانے اور معاشی تعاون پر زور دیا گیا۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے سعودی ولی عہدکو پاکستان کا سرکاری دورہ کرنیکی دعوت دی ، سعودی ولی عہد نے دورہ پاکستان کی دعوت قبول کرلی۔اعلامئے کے مطابق باہمی تعلقات کو مختلف شعبوں میں بڑھانے پر بات چیت ہوئی۔دونوں ملکوں کے درمیان 5 ارب ڈالر سرمایہ کاری کو تیزی سے آگے بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔دونوں رہنماؤں نے خطے اور عالمی امور پر باہمی دلچسپی کے امور پر بھی بات چیت کی۔غزہ میں پریشان کن صورتحال پر بھی گفتگو ہوئی۔
غزہ میں اسرائیلی فوجی آپریشنز کو بند کرنے کی عالمی کوششوں پر بھی گفتگو ہوئی۔ملاقات میں اسرائیل پر انسانی حقوق اور عالمی قوانین پر عملدرآمد کیلیے بین الاقوامی برادری کے دباؤ پر بھی بات چیت ہوئی۔ ملاقات میں سکیورٹی کونسل، جنرل اسمبلی کی قراردادوں کے تحت امن عمل آگے بڑھانے پر بات چیت ہوئی۔