اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)وزیراعظم شہباز شریف اور چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر نے عید کا دن فوجی جوانوں کے ساتھ گزارا۔وزیراعظم شہبازشریف ، وزیرخزانہ سینیٹر اسحاق ڈار، وزیر دفاع خواجہ محمد آصف اور وزیراطلاعات مریم اورنگزیب کے ہمراہ جمعرات کی صبح پاکستان اور افغانستان کے سرحد ی مقام پارہ چنارپہنچے۔
وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق وزیراعظم اور چیف آف آرمی اسٹاف نے عید کی نماز فوج کے افسروں اور جوانوں کے ساتھ ادا کی اور انہیں عید کی مبارک پیش کی۔وزیراعظم نے فوج کے اعلیٰ جذبے، عسکری تیاری اور اعلیٰ پیشہ وارانہ معیار کی تعریف کی۔
جوانوں اور افسران سے ملاقات کے دوران وزیراعظم نے کہاکہ چیف آف آرمی اسٹاف کے ساتھ آج میں عید کا دن آپ کے ساتھ گزار رہا ہوں تاکہ مادروطن کی سرحدوں کی جرأت و بہادری سے حفاظت کرنے والے اپنے افسروں اور جوانوں کی کاوشوں اورجذبوں کو خراج تحسین پیش کروں۔