اسلام آباد (این این آئی)چینی حکومت نے وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے جنرل سیکریٹری احسن اقبال کو پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) کا ہیرو قرار دے دیا۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق ماضی کی طرح اس بار بھی جس محنت لگن اور جانفشانی سے احسن اقبال نے سی پیک منصوبے کو عملی جامہ پہنانے میں خدمات انجام دیں ہیں
انہیں سی پیک کی تاریخ میں ہمیشہ یاد رکھا جائیگااس حوالے سے پاکستان میں چینی سفیر نونگ رونگ نے وفاقی وزیر احسن اقبال کو ’’مسٹر سی پیک‘‘کا خطاب دیا جبکہ چین کے نائب سفیر لیجین ژاؤ نے احسن اقبال کو ان کی سی پیک میں خدمات کے پیش نظر سی پیک ہیرو قراد دیتے ہوئے کہا کہ احسن اقبال نے سی پیک کے خواب کو حقیقت میں تبدیل کرنے میں اہم ترین کردار ادا کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ احسن اقبال نے پاکستان کی 12 وزارتوں کو سی پیک جوائنٹ کوآرڈینیشن کمیٹی کے ذریعے یکجا کیا جو کہ سی پیک منصوبے نگرانی کا سب سے بڑا پلیٹ فارم بھی ہے۔واضح رہے کہ احسن اقبال نے اب تک جوائنٹ کوآرڈینیشن کمیٹی کے 11 میں سے 8 اجلاسوں کی صدارت کی ہے۔چینی نائب سفیر کے مطابق احسن اقبال کے تجرے اور مہارت سے ناصرف پاکستان بلکہ چینی حکومت کو بھی فائدہ ہوا ہے۔احسن اقبال نے سی پیک منصوبے پر تیزی سے عملدرآمد کیلیے چین کے بھی متعدد دورے کیے ہیں تاکہ منصوبے پر عملدرآمد میں تیزی ہو سکے۔چینی حکام کے مطابق احسن اقبال کا سی پیک میں کردار چین اور پاکستان کے عوام ہمیشہ یاد رکھیں گے۔چینی حکام سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف کے بھی شکر گزار ہیں جنہوں نے سی پیک کیلئے احسن اقبال جیسے محنتی اور دیانتدار شخصیت کو اس منصوبے کے لیے نامزد کیا۔