اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) حکومت نے تمام اقسام کے اثاثوں پر انکم ٹیکس لگانے اورود ہولڈنگ ٹیکسوں میں اضافہ تجویز کیا ہے۔
یہ تمام محصولات 24۔2023ء کے بجٹ میں عائد کئے جائیں گے۔ جنگ اخبار میں مہتاب حیدر کی خبر کے مطابق حکومت کا منصوبہ ہے کہ سرکاری ملازمین کی گریڈ ایک سے گریڈ 16 تک تنخواہوں میں 30فیصد اور گریڈ 17 سے گریڈ 22 تک 20 فیصد اضافہ کیا جائے اور ساتھ ہی ریٹائرڈ ملازمین کی پنشن بھی بڑھا دی جائے ۔ حکومت نے وصولیوں کا ہدف 9.2 ٹریلین روپے رکھا ہے ۔ جسے آئی ایم ایف کی سفارشات کے تحت 9.3 ٹریلین سے 9.5ٹریلین روپے تک پہنچایا جا سکتا ہے ۔ تاہم آئی ایم ایف سے اسٹاف سطح پر سمجھوتے اب بجٹ اعلان کے بعد ہی ممکن ہے ۔ اب تک وزارت خزانہ اور ایف بی آر حکام کے ساتھ آئی ایم ایف کے آپریشنل(فعال) مذاکرات ہوچکے ہیں ۔ حکومت نے پیٹرولیم ڈیولپمنٹ لیوی(پی ڈی ایل ) ابتدائی طور پر50روپے سے بڑھاکر 55یا60روپے فی لیٹر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔