لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک ،این این آئی )پنجاب حکومت کی جانب سے دی جانے والی ڈیڈ لائن ختم ہوگئی ہے جس کے پیش نظر پولیس کو الرٹ رکھا گیا ہے اور زمان پارک کی طرف جانے والے تمام راستے بند کردیے گئے ہیں۔ذرائع کا کہنا ہےکہ پولیس اور سکیورٹی ادارے ڈیڈ لائن ختم ہونے کے بعد کی حکمت عملی پر غور کررہے ہیں۔
زمان پارک جانے والے راستے مکمل بند ہیں اور پولیس کی بھاری نفری زمان پارک کے چاروں اطراف موجود ہے۔آئی جی پنجاب اور سی سی پی او لاہور نے پولیس کو الرٹ رہنےکاحکم دیا ہے، پولیس لائنز قلعہ گجرسنگھ کے قریب کنٹینرپہنچا دیے گئے ہیں اور علاقہ مکینوں کو شناخت کے بعد داخلے کی اجازت دی جارہی ہے۔
دوسری جانب نگراں وزیر اطلاعات پنجاب عامر میر نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی جانب سے پولیس فائرنگ سے 25شہریوں کی شہادت اور زخمی ہونے کا الزام کو سفید جھوٹ اور بے ہودہ قرار دیدیا۔ عمران خان کی جانب سے پنجاب پولیس کی فائرنگ سے 25شہریوں کی شہادت اور زخمی ہونے سے متعلق بیان پر نگراں وزیر اطلاعات عامر میر نے مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ردعمل کا اظہار کیا ۔
عامر میر کا کہنا ہے کہ عمران خان کے الزامات بے ہودہ اور سفید جھوٹ ہیں، پولیس فائرنگ سے 25شہریوں کے شہید اور زخمی ہونے کا الزام کالا جھوٹ ہے، پنجاب پولیس کو 9مئی کو مظاہرین پر فائرنگ نہ کرنے کے احکامات تھے۔ انہوںنے کہا کہ پولیس فائرنگ سے کسی کے زخمی یا مارے جانے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا، عمران خان بے ہودہ اور جھوٹے الزامات لگانے سے گریز کریں، جھوٹے الزامات پر عمران خان کے خلاف قانونی کارروائی کا حق محفوظ رکھتے ہیں۔