بیجنگ ، اسلام آباد(آن لائن، اے پی پی) بھارت میں ایک شخص سے یورینیم کی برآمدگی پر چین نے سخت موقف اختیار کیا ہے۔ ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق چینی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ ایٹمی دہشت گردی عالمی برادری کو
درپیش سیکورٹی چیلنج ہے، جوہری مواد کا تحفظ یقینی بنانے کیلئے ضوابط مضبوط بنانا تمام حکومتوں کی ذمہ داری ہے۔واضح رہے کہ کچھ دن قبل بھارت میں ایک شخص کے قبضے سے 7 کلو گرام یورینیم برآمد کی گئی تھی۔دوسری جانب ترجمان دفتر خارجہ نے بھارت میں غیر متعلقہ افراد سے 7 کلوگرام سے زیادہ قدرتی یورینیم ضبط کرنے کی اطلاعات پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایٹمی مواد کی حفاظت تمام ممالک کی اولین ترجیح ہونی چاہئے۔اسلام آباد سے جاری بیان میں ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ اس معاملے کی مکمل تحقیقات کرنے کی ضرورت ہے کہ کس طرح یورینیم کی اتنی مقدار کسی بھی ریاست کے کنٹرول سے باہر دستیاب ہوسکتی ہے اور ان وجوہات کی نشاندہی کی جائے جس کی وجہ سے یہ ممکن ہوا ہے۔مہاراشٹر کے انسداد دہشت گردی سکواڈ کے مطابق ضبط شدہ مواد کی مالیت 2.9 ملین ڈالر ہے۔