راولپنڈی(آن لائن)شمالی وزیرستان میں سکیورٹی فورسز کے انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر دو علیحدہ علیحدہ آپریشنز میں 8 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا گیا،مارے گئے دہشت گردوں میں تین اہم کمانڈربھی شامل ہیں ۔آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کے علاقوں میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر دو آپریشن کیے اس دوران مزاحمت پر تین اہم کمانڈروں سمیت 8دہشت گرد مارے گئے۔ خفیہ اطلاعات پر یہ آپریشن بویا اور دوسلی کے علاقوں میں کیے گئے۔ہلاک کیے گئے تین دہشت گرد کمانڈروں میں عبدال عنیر
عرف عادل(ٹی ٹی پی طوفان گروپ)، جنید عرف جامد(ٹی ٹی پی طارق گروپ) اورخالق عرف ریحان(ٹی ٹی پی صادق نور گروپ) شامل ہیں۔آئی ایس پی آرکے مطابق یہ دہشت گرد 2009کے بعد سے سکیورٹی فورسز اور مقامی افراد پر حملوں میں ملوث تھے اس کے علاوہ بارودی سرنگوں کے دھماکوں، فائرنگ، ٹارگٹ کلنگ، اغواء برائے تاوان اور بھتہ خوری میں بھی ملوث تھے جبکہ علاقے میں دہشت گردوں کی بھرتی میں بھی ملوث تھے۔آپریشن کے دوران سیکورٹی فورسز نے بڑی تعداد میں اسلحہ اور ہتھیار بھی برآمد کرلئے۔