راولپنڈی(آن لائن ) سیکورٹی فورسز نے شمالی وزیر ستان کے علاقے ملک خیل میں انٹیلی معلومات کی بنیا د پر دہشت گردوں کی خفیہ کمین گاہ کیخلاف آپریشن کیا جس کے دوران شدید فائرنگ کے تبادلے میں کمانڈر رحمت عرف خالد سمیت دو دہشت گر د ہلا ک کردئیے گئے جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے حوالدار شہزاد
رضا جام شہاد ت نوش کرگئے ۔آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گرد رحمت بارودی سرنگیں بنانے کا ماہر تھا اور2009ء سے علاقے میں سیکورٹی فورسز کیخلا ف مختلف دہشت گردانہ سرگرمیوں،بھتہ خوری، اغواء برائے تاوان اور ٹارگٹ گلنگ میں ملوث ہونے پر مطلوب تھا ۔دوران تلاشی آپریشن سیکورٹی فورسز نے بھاری مقدار میں ہتھیار بھی بر آمد کرلئے ۔ دوسری جانب پاکستان کی عالمی امن و استحکام کیلئے ایک اور لازوال قربانی،پاک فوج کے جری سپوت لانس نائیک طاہر اکرام جنوبی دارفور سوڈان میں شہید ہوگئے ۔پاکستان کے اقوام متحدہ میں مستقل مشن نیویارک کے ترجمان کی طرف سے جاری بیان کے مطابق لانس نائیک طاھر اقوام متحدہ امن مشن دارفور کے فارمڈ پولیس یونٹ سے وابستہ تھے۔طاھر اکرام 2 فروری کو ٹریفک حادثے میں شدید زخمی ہوئے تھے، ترجمان پاکستان مستقل مشن نیویارک کے مطابق لانس نائیک طاھر جنوبی دارفور کے علاقے کالمہ سے نیالا جا رہے تھے کہ حادثہ پیش آیا۔لانس نائیک طاھر رائل کیئر اسپتال، خرطوم میں 19 روز زیر علاج رہے۔لانس نائیک طاھر اکرام آج صبح زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے خالق حقیقی سے جا ملے ۔اقوام متحدہ پاکستان مشن نیویارک نے لانس نائیک طاھر اکرام کی شہادت پر دکھ کا اظہا ر کیا ہے اور لانس نائیک طاھر اکرام شہید کے اہل خانہ سے تعزیت، خدمات پر خراج تحسین کیا گیا ہے ۔