راولپنڈی(آن لائن ) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کی ہے۔آئی ایس پی آر سے جاری بیان کے مطابق اسلام آباد میں ہونیوالی اس ملاقات میں ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید بھی موجود تھے ۔ملاقات میں قومی سلامتی سے متعلق معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔یاد رہے کہ وزیراعظم عمران خان
سے چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ کی 24 دسمبر کو ہونے والی ملاقات میں مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی مسلسل خلاف ورزیوں تشویش کا اظہار کیا گیا تھا۔ ترجمان وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ وزیراعظم عمران خان سے چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے ملاقات کی ۔ملاقا ت میں مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی مسلسل خلاف ورزیوں پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔ملاقات میں ملک کی اندرونی وبیرونی سیکیورٹی کی صورتحال ،پاک فوج سے متعلق پیشہ ورانہ امورپرتبادلہ خیال کیاگیاتھا۔اس ملاقات میں بھی ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید بھی موجود تھے۔واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس منگل کو ہوگا ،سترہ نکاری ایجنڈا جاری کر دیا گیا ۔ ذرائع کے مطابق کابینہ اجلاس منگل کو دوپہر بارہ بجے وزیر اعظم ہائوس میں ہوگا ،وفاقی کابینہ ملکی سیاسی، معاشی اور سلامتی کی صورتحال کا جائزہ لے گی ،وفاقی کابینہ براڈ شیٹ کیس میں اب تک ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لے گی،کابینہ پی ڈی ایم کی حکومت مخالف تحریک پر بھی غور کرے گی ۔ ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ کے اجلاس کا 17 نکاتی ایجنڈا جاری کردیا گیا ،کابینہ کو کفایت شعاری اور ری اسٹرکچرنگ ٹاسک فورس کے چیئرمین بریفنگ دیں گے ۔ ذرائع کے مطابق نیشنل ڈیزاسٹر رسک مینجمنٹ فنڈ اور فیوچر ایڈمنسٹریشن فنڈ بارے بریفنگ دی جائے گی ،وفاقی کابینہ اجلاس میں کورونا ویکسین کی قیمت مقرر کرنے کی منظوری دے گی ۔