اسلام آباد ( آن لائن)مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں نواز شریف نے براڈ شیٹ کے معاملے پر اپنی جماعت کو جارحانہ رویہ اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے اور واضح کیا ہے کہ حکومت کو براڈ شیٹ کے پیچھے نہ چھپنے دیا جائے بلکہ مسلسل مطالبہ کیا جائے حکومت اس معاملے پر
پارلیمانی کمیٹی بنائے یا پانامہ طرز کی مشترکہ تحقیقاتی کمیٹی قائم کی جائے تا کہ دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو جائے ۔ ذرائع نے بتایا کہ نواز شریف نے پارٹی کے سینئر رہنمائوں سے ٹیلی فونک رابطہ کر کے براڈ شیٹ اور ملک کی مجموعی سیاسی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا ہے ،نوازشریف نے پارٹی کی نائب صدر مریم نواز،شاہد خاقان عباسی،احسن اقبال اور رانا ثناء اللہ سے رابطہ کیا ہے،ن لیگ کے قائد نے براڈشیٹ کے معاملے کی وجہ سے پیدا صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا ،نوازشریف نے براڈشیٹ کے معاملے پر حکومت کو ٹف ٹائم دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ میڈیا اور عوام کو براڈشیٹ اور نیب کے گٹھ جوڑ بارے میں بتائیں اور حکومتی انکوائری کمیٹی کے بجائے پارلیمانی کمیٹی کے زریعے براڈشیٹ سکینڈل کی تحقیقات کا مطالبہ کیا جائے،نواز شریف نے پارٹی رہنمائوں کو پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں براڈ شیٹ معاملے پر حکومت کو بے نقاب کرنے کا بھی ٹاسک دیاہے۔