نیویارک ،کراچی (این این آئی ، آن لائن)اقوام متحدہ نے اپنے اسٹاف کو کسی بھی پاکستانی ائیرلائن سے سفر کرنے سے روک دیا۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق اقوام متحد کی جانب سے یہ فیصلہ مشکوک لائسنس کی تحقیقات کے باعث کیا گیا جس کے بعد اقوام متحدہ نے اپنے اسٹاف کو
افغانستان کے لیے رجسٹرڈ ائیرلائن سے سفر کرنے کی اجازت دی۔خیال رہے کہ چند ماہ قبل وزیر ہوابازی غلام سرور خان نے قومی اسمبلی میں کہا تھا کہ 262 پاکستانی پائلٹس کے لائسنس جعلی ہیں۔دوسری جانب یورپیئن یونین ایوی ایشن سیفٹی ایجنسی نے قومی ایئرلائن پر عائد پابندیاں ہٹانے سے انکار کردیا۔ میڈیارپورٹس کے مطابق یورپی ایوی ایشن ادارے یورپین یونین ایئرسیفٹی ایجنسی (ایاسا) نے پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی کے سیفٹی آڈٹ کے بغیر پی آئی اے کو پروازوں کی اجازت سے انکار کر دیا، پی آئی اے کی طرف سے ایاسا سے پروازوں کی عبوری اجازت طلب کیے جانے کے جواب میں یورپین یونین ایئرسیفٹی ایجنسی کا خط موصول ہوگیا، جس میں بتایا گیا ہے کہ پابندی کو مزید 3 ماہ کے لیے توسیع دی جارہی ہے جس پر سول ایوی ایشناتھارٹی کے سیفٹی آڈٹ تک نظر ثانی نہیں کی جائے گی۔خیال رہے کہ وفاقی وزیرِ برائے ہوا بازی غلام سرور خان نے کہا تھا کہ پی آئی اے سے متعلق یورپی یونین کے خدشات دور کر دیئے ہیں لیکن اب خبر آئی ہے کہ یورپیئن یونین ایوی ایشن سیفٹی ایجنسی نے قومی ایئرلائن پر عائد پابندیاں ہٹانے سے انکار کردیا۔