اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے جے یو آئی (ف) کے رہنمامفتی کفایت اللہ نے دعویٰ کیا ہے کہ موجودہ حکومت کی ٹیم میں کوئی بھی آدمی ان کااپنا نہیں ہے ، ہر ایک وزیر کے پیچھے ایک سفارشی جنرل بیٹھا ہوا ہے ، اگرعمران خان کو میرے
سامنے لائیں تومیں ان سے پوچھوں گا کہ اتنی بڑی کابینہ میں آپ کا آدمی کون ہے؟ان کے پاس کوئی اختیار ہی نہیں ہے ۔ اس پر میزبان نے ٹوکتے ہوئے کہا کہ اسد عمر ان کے اپنے ہیں ، فواد چوہدری ان کے اپنے ہیں، جس نے مفتی کفایت اللہ نے کہا کہ فواد چوہدری کا نام وزیر داخلہ کیلئے آیا تھا، آخری وقت میں ہٹا دیا گیا، اب ہمارا جو آج کا وزیر داخلہ ہے ، عمران خان کل انہیں چپڑاسی بھی نہیں رکھتے تھے ، آج وہ ڈپٹی وزیر اعظم بن گیا ہے،یہ پوزیشن ہے اب،یہ عمران خان کی ٹیم ہے ہی نہیں ، دریں اثناوفاقی حکومت نے جمعیت علمائے اسلام(ف) کے رہنما مفتی کفایت اللہ کے فوج مخالف بیانات پر کارروائی کا فیصلہ کرلیا۔ ذرائع کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی سربراہی میں ترجمانوں اور پارٹی رہنمائوں کا اجلاس ہوا جس میں ملکی سیاسی و معاشی صورتحال پر غور کیا گیا۔ذرائع کے مطابق اجلاس میں جے یو آئی (ف)کے رہنما مفتی کفایت اللہ کے فوج مخالف بیانات پر کارروائی کا فیصلہ کیا گیا۔یاد رہے کہ گزشتہ سال اکتوبر میں پولیس نے جمعیت علمائے اسلام کے رہنما مفتی کفایت اللہ کو گرفتار کیا تھا بعدازاں پشاور ہائیکورٹ ایبٹ آباد سرکٹ کے حکم پر ان کو رہا کردیا گیا تھا۔