اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)پاک بھارت دو طرفہ تجارت پر پابندی کے بعد بھارت سے ادویات ،کیمیکلز اور دیگر اشیا کی سمگلنگ میں اضافے کی اطلاعات پر حکومت کی ایف بی آر کو سمگلنگ روکنے کی خصوصی ہدایت ، کسٹمز حکام سرگرم ،کسٹمز پریونٹیو کراچی نے بھارتی
اسمگل شدہ اشیاکی فروخت کرنے والے ریٹیلرزاور ہول سیلرز کے خلاف بھی بھر پور کریک ڈائون کا فیصلہ کر لیا ،روزنامہ جنگ میں سہیل افضل کی شائع خبرکے مطابق کسٹمز پریونٹیو کراچی اینٹی اسمگلنگ آرگنائزیشن کا ایک اہم اجلاس کلکٹرکسٹمز کی زیر صدارت منعقد ہوا جس میں ایف بی آر کی ہدایت پر بھارتی اسمگل شدہ اشیا کی اسمگلنگ کے خلاف موثر اور جامع مہم چلانے کا فیصلہ کرتے ہوئے اے ایس او (ASO)کو ایسی مارکیٹوں کی نشاندہی کا ٹاسک دیا گیا جہاں پر اسمگل کردہ اشیا فروخت ہو تی ہیں ،ذرائع کیمطابق اس سلسلے میں کریک ڈاون سے پہلے تاجر برادری کی نمائندوں تنظیموں سے رابطہ کر کے انھیں بھی اعتماد میں لینے کا فیصلہ کیا گیا تاکہ اسمگلرز اور اسمگل شدہ مال فروخت کرنے والوں کو احتجاج کاموقع نہ ملے ،مارکیٹوں کی نشاندہی اور تاجر تنظیموں سے رابطے کے بعد کسٹمز ٹیمیں ان مارکیٹوں میں معلومات کی بنیاد پر چھاپے ماریں گی ذرائع کے مطابق اسمگلنگ کو روکنے کے لئے صوبوں کے درمیان چلنے والی بسوں اور ملک کے دوسرے شہروں سیکراچی آنے والی ٹرینوں کو چیک کرنے کا بھی پلان مرتب کیا گیا ہے اسی مقصد کے لئے مختلف ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں ۔