اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) وفاقی حکومت کے زیراثر وزارتوں اور محکموں سے 71 ہزار اسامیاں ختم کرنے کا پی ٹی آئی کا منصوبہ تاحال زیرالتوا ہے، تین ماہ گزرجانے کے باوجود کابینہ نے سمری منظور نہیں کی ، روزنامہ جنگ میں فخر درانی کی شائع خبر کے مطابق وزیراعظم
عمران خان کے مشیر ادارہ جاتی اصلاحات ڈاکٹر عشرت حسین کا کہنا تھا کہ کابینہ نے مختلف وزارتوں اور محکموں سے 71 ہزار اسامیوں کو ختم کرنے کی اجازت دی تھی۔ تاہم اس ضمن میں باقاعدہ سمری کو ابھی وفاقی کابینہ سے منظور ہونا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ بھرپور کوشش کریں گے کہ آئندہ دو ہفتے کے اندر سمری کابینہ میں پیش ہوجائے۔اس ضمن میں تمام اسٹیک ہولڈرز سے باقاعدہ مشاورت کی ضرورت ہے، یہی وجہ ہے کہ اس میں تاخیر ہورہی ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ یہ تمام اسامیاں وفاقی محکموں سے تعلق رکھتی ہیں اور ان کا صوبائی محکموں سے کوئی تعلق نہیں ہے جب کہ تعلیم، صحت اور محکمہ پولیس اس پالیسی میں شامل نہیں ہیں۔ صرف نان ٹیکنیکل اسامیاں ہی ختم کی جائیں گی۔ان کا کہنا تھا کہ اس حوالے سے وہ صوبائی حکومتوں سے مشاورت کرچکے ہیں۔