اسلام آباد (این این آئی) دفتر خارجہ نے انسدادِ منی لانڈرنگ کے عالمی ادارے فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) میں سعودی عرب کی پاکستان کی مخالفت کی خبر کو بے بنیاد اور جھوٹا قرار دیتے ہوئے کہاہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کے قریبی دوستانہ تعلقات ہیں۔
ایف اے ٹی ایف پاکستان کے بارے میں اپنا جائزہ پلائنری میٹنگ کے بعد پیش کرے گا۔ جمعرات کو ترجمان دفتر خارجہ سوشل میڈیا پرایف اے ٹی ایف کے معاملے پرسعودی عرب کی طرف سے ساتھ نہ دینے کی رپورٹس کوسختی سے مسترد اور بے بنیاد قراردیتے ہوئے کہا کہ پاکستان اورسعودی عرب کے درمیان برادرانہ تعلقات ہیں، پاکستان سعودی عرب کے ساتھ اپنے تعلق کوانتہائی اہمیت کا حامل سمجھتا ہے اورسختی سے اس طرح کے مذموم پروپیگنڈہ کو مسترد کرتا ہے۔ انہوںنے کہاکہ دونوں ممالک نے ہمیشہ باہمی، علاقائی اور بین الاقوامی اہمیت کے تمام معاملات پر ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کیا ہے۔دفترخارجہ کے بیان میں کہا گیا کہ ایف اے ٹی ایف پاکستان کی ایکشن پلان پر پیش رفت کا جائزہ اور مستقبل کے معاملات کا اعلان اپنی پلینری میٹنگ کے بعد کرے گا۔یاد رہے کہ ایف اے ٹی ایف کا اجلاس 23 اکتوبر تک جاری رہے گا اورکورونا وبا کے باعث اس کا انعقاد انٹرنیٹ کے ذریعے ہورہا ہے۔