اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) ترجمان پاک فوج نے تصدیق کی ہے کہ مسلم لیگ ن کے رہنما اور سابق گورنر سندھ محمد زبیر نے آرمی چیف سے دو ملاقاتیں کیں جن میں نواز شریف اور مریم نواز سے متعلق گفتگو کی۔ان خیالات کا اظہار پاک فوج کے
شعبہ تعلقات عامہ کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل بابر افتخار نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ آرمی چیف سے ہونے والی ملاقاتیں سابق گورنر سندھ محمد زبیر کی درخواست پر ہوئیں۔میجر جنرل بابر افتخار نے مسلم لیگ نواز کے رہنماوں کی آرمی چیف سے ملاقاتوں کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ملاقاتیں سابق وزیر اعظم نواز شریف اور مریم نواز سے متعلق تھیں۔ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ آرمی چیف نے کہا کہ لیگل مسائل عدالتوں اور سیاسی مسائل پارلیمنٹ میں حل ہوں گے، آرمی چیف اور محمد زبیر کی ملاقات میں ڈائریکٹر جنرل آئی ایس آئی بھی موجود تھے۔