اسلام آباد ( آن لائن)پاکستان نے ایک بار پھر واضح کیا ہے کہ فلسطین کے دو ریاستی حل کے حامی ہیں، اسرائیل کو کسی صورت تسلیم کریں گے نہ ہی اس حوالے سے کسی بھی بات پر غور کیا جارہا ہے۔ترجمان دفتر خارجہ کے نئے ترجمان زاہدحفیظ چودھری نے اپنی پہلی ہفتہ وار پریس بریفنگ میں کہا کہ،ہم بیت المقدس کو بطور دارلحکومت فلسطینی ریاست کے حامی ہیں۔
پاکستان کا فلسطین سے متعلق بہت واضح موقف ہے،فلسطین کے حوالے سے پاکستان کے موقف میں کوئی تبدیلی نہیں آئی،پاکستان فلسطین کے تنازعات کا حل اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق چاہتا ہے۔انہوں نے کہا کہ پانچ اگست کو مقبوضہ جموں کشمیر میں بھارتی غیرقانونی اقدام کو ایک سال مکمل ہواہے،بھارتی حکومت مقبوضہ جموں کشمیر میں ظلم و بربریت کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے،بھارتی افواج کے ہاتھوں شوپیاں میں تین کشمیریوں کے ماوائے عدالت قتل کی مذمت کرتے ہیں،5 اگست 2019 کے یک طرفہ و غیر قانونی اقدامات کے بعد او آئی سی کے چار اجلاس منعقد ہوئے ہیں۔ترجمان دفتر خارنے کہا کہ پاکستان نے ہیومن رائٹس واچ کی مقبوضہ کشمیر سے متعلق رپورٹ کا خیرمقدم کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارت میں دو مختلف گستاخانہ واقعات رونما ہوئے ہیں ،پاکستان مسلسل بھارت میں اقلیتوں کے خلاف ناروا سلوک پر عالمی برادری کی توجہ مرکوز کرا رہا ہے،بھارتی حکومت ہندوتوا پالیسی پر گامزن ہے ،گزشتہ دنوں توہین رسالت والی پوسٹ سوشل میڈیا پر کی گئیں ،بھارت ہندو انتہا پسندوں کی جانب سے یہ پوسٹ کی گئیں ،انہوں نے کہا کہ بھارتی حکومت اقلیتوں کے تحفظ کو یقینی بنائے ۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی دو روزہ سرکاری دورے پر چین روانہ ہو گئے ہیں، یہ دورہ انتہائی اہم ہے ۔وزیر خارجہ کے دورہ چین کے دوران کورونا اور باہمی تعلقات اور علاقائی اور عالمی امور پر بات ہو گی،وزیر خارجہ کے دورہ چین کا سعودی عرب کے ساتھ پاکستان کے تعلقات کا کوئی تعلق نہیں،وزیر خارجہ کا دورہ چین پاک چین تمام موسموں میں آزمودہ تعلقات کو مزید مضبوط کرے گا ،ان کا کہنا تھا کہ ہمارے پاس اس مرحلے پر چینی صدر شی جن پنگ کے دورہ پاکستان کے حوالے سے معلومات موجود نہیں ۔
زاہد حفیظ چودھری نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے دیرینہ تعلقات ہیں جن میں وقت کے ساتھ اضافہ ہوا ہے،پاکستان او آئی سی کے کشمیر پر کانٹیکٹ گروپ میں سعودی عرب کے اہم کردار کو اہم سمجھتا ہے،عمران خان اور محمد بن سلمان کے 2019 کے تاریخی دوروں نے پاک سعودی عرب تعلقات میں سنگ میل پیش رفت کی،اقتصادیات, دفاع سمیت متعدد شعبوں میں تعلقات آگے بڑھے ہیں ۔پاکستان اور سعودی عرب کے برادرانہ اور مذہبی تعلقات ہیں۔
پاکستان اور سعودی عرب ایک دوسرے کے ساتھ ہر مشکل وقت میں کھڑے ہوئے ہیں انہوں نے کہا کہ پاک سعودی عرب تعلقات پر کسی قسم کا کوئی فرق نہیں پڑا ہے،سابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی سعودی اتحاد برایے انسداد دہشت گردی میں پوزیشن میں کوئی تبدیلی نہیں آئی ہے۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ دنوں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 75ویں اجلاس کے نو منتخب صدر وولکن بوزکر پاکستان آئے۔وزیر اعظم عمران خان نے نے سری لنکا کے صدرکو فون کر کے الیکشن پر مبارکباد دی ہے ۔
ایک سوال کے جواب میں ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ شیریں مزاری کے وزارت خارجہ کی کارکردگی سے متعلق بیان پر کوئی تبصرہ نہیں کروں گا۔ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ افغان سرزمین کو کسی بھی پاکستان دشمن سرگرمی میں استعمال نہیں ہونا چاہیے،کمانڈر کلبھوشن جادیو پربھارت دو قونصلر رسائیاں حاصل کر چکا ہے،ہم بھارت پر زور دیتے ہیں کہ وہ بیان بازی کی بجائے پاکستانی عدالتوں سے تعاون کرے،بھارت نہیں چاہتا کے کلبھوشن جادیو معاملے پر پاکستان بہتر انداز میں آئی سی جے کے فیصلے پر عملدرآمد کر سکے۔
ہم نے بھارت کو تیسری قونصلر رسائی کی پیشکش بھی کر رکھی ہے،عدالت میں صرف وہی وکیل پیش ہو سکتے ہیں جن کے پاس پاکستانی عدالت کا لائسنس ہو۔ریویو اینڈ ری کنسڈریشن کے حوالے سے پاکستانی عدالتیں معاملے کو دیکھ رہی ہیں۔ترجمان دفتر خارجہ نے مزید بتایا کہ رواں برس بھارتی قابض افواج کی جانب سے ایل او سی کی 2020بار خلاف ورزیاں ہوئی ہیں،رواں برس بھارتی افواج کی خلاف ورزیوں میں 16 شہادتیں ہوئی ہیں،آج ایک سینئر بھارتی سفارت کار کو دفتر خارجہ طلب کیا گیا،بھارتی سفارتکار سے ایل او سی کی حالیہ خلاف ورزیوں پر شدید احتجاج ریکارڈ کرایا گیا،انسانی حقوق کونسل کی مقبوضہ کشمیر پر دو رپورٹیں سامنے آ چکی ہیں،ہیومن رائٹس واچ نے بھی مقبوضہ کشمیر میں قتل عام کی مذمت کی ہے۔