اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے سینئر تجزیہ کار ایاز امیر نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان خود مائنس ون جیسی چیزوں کو ہوا دے رہے ہیں، نواز شریف جس نرسری کی پیداوار تھے یہ بھی اسی نرسری سے آئے ہیں، اس نرسری میں پلنے والے پہلے آنکھ کا تارا ہوتے ہیں پھر سکیورٹی رسک بن جاتے ہیں اور پھر نیا گملا تیار کرلیا جاتا ہے، اس میں نیا پودا لگا دیا جاتا ہے، عمران خان کو پوری باغبانی کے ساتھ بٹھایا گیا۔
میرے خیال میں اب باغبانی بند ہونی چاہئے اور سیاست کو ایسے چلنے دیا جائے جیسے چل رہی ہے، باغبانی کرنیوالے بھی باغبانی میں ناکام ہوچکے ہیں۔پروگرام میں شریک ماہر سیاسیات حسن عسکری نے کہا ہے کہ مائنس ون کوئی نئی بات نہیں ہے، اس سے کوئی حل نکلنے والا نہیں، پہلے بھی اس سے کوئی حل نہیں نکلا تھا۔ اگر حکومت مائنس ون چاہتی ہے تو تحریک عدم اعتماد لے آئے، دوسرا راستہ تحریک ہے۔