اسلام آباد(این این آئی)سپریم کورٹ نے پنجاب پولیس افسران کی پرموشن سے متعلق کیس میں تمام درخواستیں مسترد کر دیں۔منگل کو چیف جسٹس کی سربراہی میں جسٹس اعجاز الاحسن پر مشتمل دو رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی۔ چیف جسٹس نے وکیل سے مکالمہ کیا کہ آپ جس رول کا حوالہ دے رہے ہیں وہ ہمارے سامنے قانون کی کتاب میں موجود نہیں ہے، کسی سرکاری
ملازم کو قانون سے ہٹ کر ترقی نہیں دی جا سکتی۔جسٹس اعجازالاحسن نے پولیس افسران کے وکلاء سے مکالمہ کیا کہ آپ جس قانون کی بات کر رہے ہیں اس میں ترمیم ہو چکی ہے۔ جسٹس اعجاز الاحسن نے کہاکہ آپ ہمیں وہ قانون بتائیں جس کے تحت آپ نے ایک ہی سال میں دو کورس اے اور بی پاس کیے،وکلا عدالتی سوال کا تسلی بخش جواب نہ دے سکے اور نہ ہی کوئی دستاویز پیش کر سکے۔