کراچی(اے این این) 22 مئی کو حادثے کا شکار طیارے کا کاک پٹ وائس ریکارڈر 6 روز بعد مل گیا۔تفصیلات کے مطابق کراچی میں 22 مئی کو حادثے میں تباہ ہونے والے طیارے کا کاک پٹ وائس ریکارڈر 6 روز بعد مل گیا،
ترجمان پی آئی اے نے کاک پٹ وائس ریکارڈر ملنے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ کاک پٹ وائس رکارڈرکی تلاش جمعرات کی صبح نئے سرے سے شروع کی گئی تھی، جس کے نتیجے میں طیارے کا کاک پٹ وائس رکارڈر ملبے کے نیچے سے مل گیا ہے۔ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ کاک پٹ وائس ریکارڈر طیارہ حادثہ تفتیشی بورڈ کے حوالے کردیا گیا، اس سے تحقیقات میں بہت مدد ملے گی۔دوسری جانب ایئربس کی ٹیم طیارہ گرنے کے مقام سے لے کر رن وے تک تحقیقات کو جاری رکھے ہوئے ہے جب کہ طیارے کے ملبے سے مزید شواہد بھی اکھٹے کیے جارہے ہیں۔واضح رہے کہ 22 مئی کو پی آئی اے کا لاہور سے کراچی آنے والا طیارہ ایئرپورٹ سے ملحقہ آبادی میں جاگرا تھا۔ جس کے نتیجے میں طیارے میں سوار 99 میں سے 97 افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔