اسلام آباد ( سی پی پی) سابق صدر آصف علی زرداری کو مختلف بیماریوں میں مبتلا ہونے اور کورونا وبا کے باعث غیر ضروری ملاقاتوں سے روک دیا گیا، تاہم بچوں اور دیگر اہم افراد ان سے سماجی فاصلہ رکھتے ہوئے ملاقات کر سکتے ہیں۔پیپلز پارٹی کے ذرائع نے بتایا کہ آصف علی زرداری دل، شوگر، بلڈ پریشر، ہاتھوں میں رعیشہ اور ریڑھ کی ہڈی کے مرض میں مبتلا ہیں، ان کا علاج ان کے قریبی دوست ڈاکٹر عاصم کی زیر نگرانی
ماہر ڈاکٹروں کی ٹیم کر رہی ہے۔بتایا گیا کہ 13 دسمبر 2019 کو راولپنڈی سے زرداری کی منتقلی کے بعد ان کی طبیعت قدرے بہتر ہے۔ ذرائع کے مطابق آصف زرداری کا علاج کیلئے بیرون ملک جانے کا کوئی ارادہ نہیں۔ ترجمان سابق صدر عامر فدا پراچہ نے بتایا کہ زرداری کے پابند سلاسل ہونے کے دوران انہیں بہتر طبی سہولیات فراہم نہیں کی گئیں، انہیں اڈیالہ جیل سے عدالت تک بکتر بند گاڑی میں لایا جاتا رہا جس سے ان کے مہروں کی تکلیف بڑھ گئی۔