اسلام آباد (این این آئی)سپریم کورٹ نے پنجاب حکومت کا بین الصوبائی مشروط سفری پابندی کا نوٹیفکیشن کالعدم قرار دے دیا۔ پیر کو چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں ملک میں کورونا وائرس سے متعلق اقدامات سے متعلق ازخود نوٹس کی سماعت کے دوران سپریم کورٹ نے بین الصوبائی سفر کے لیے کورونا سرٹیفکیٹ کی پابندی کی پنجاب حکومت کی شرط کو کالعدم قرار دیدیا۔
سپریم کورٹ نے کہا کہ پنجاب یا کوئی دوسرا صوبہ آئینی طور پر شہریوں پر ایسی کوئی پابندیاں عائد نہیں کر سکتا۔خیال رہے کہ گزشتہ روز محکمہ داخلہ پنجاب کی جانب سے جاری ایک حکم نامے میں کہا گیا تھا کہ ایک سے دوسرے ضلع جانے کے لییکورونا مریضوں کا ٹیسٹ منفی ہونا ضروری ہو گا جبکہ صوبے میں دوسرے اضلاع میں جانے کے لیے باقی افراد دفعہ 144 کے نفاذ پر عملدرآمد کریں۔