اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)کورونا وائرس دنیا کے 209 ممالک کو اپنی لپیٹ میں لے چکا ہے جس سے اب تک 14 لاکھ31ہزار 700 سے زائدافراد متاثر اور 80 ہزار سے زائد ہلاک ہو چکے ہیں جب کہ تین لاکھ سے زائد افراد صحت مند ہوچکے ہیں۔نجی ٹی وی چینل جیو نیو زکے مطابق اس عالمی وبا سے سب سے پہلے انتہائی متاثر ہونے والا ملک چین ہے جہاں کورونا سے متاثر 81 ہزار 802 افراد میں سے
77,279 صحت مند ہوچکے ہیں جو دنیا میں سب سے زیادہ تعداد ہے۔دوسرے نمبر پر یورپی ملک اسپین ہے جہاں متاثر ہونے والے 141,942 میں سے 43,208 صحتیاب ہوچکے ہیں۔ یورپ کا دوسرا ملک جرمنی کورونا وائرس کے 107,663 مریضوں میں سے 36,081 کو صحت یاب کرکے تیسرے نمبر پر ہے۔ ایران میں وائرس کے 62,589 مریضوں میں سے 27,039 افراد صحتیاب ہوچکے ہیں جب کہ اٹلی میں وائرس کے 135,586 مریضوں میں سے 24,392 صحتیاب ہوچکے ہیں۔ کورونا وائرس کی عالمی وبا ان دنوں امریکا میں تیزی سے پھیل رہی ہے جہاں اس خطرناک مرض سے 400,546 متاثر ہوچکے ہیں۔ ان مریضوں میں سے 21,711 کو صحتیاب کرکے امریکا کورونا وائرس پر قابو پانے کی فہرست میں چھٹے نمبر پر ہے۔ فرانس میں وائرس کے 109,069 متاثرین میں سے 19,337 صحتمند ہوچکے ہیں۔ سوئٹزرلینڈ میں 22,328 مریضوں میں سے 8,704، ساؤتھ کوریا میں 10,384 میں سے 6,776، بیلجیئم میں 22,194 مریضوں میں سے 4,157 صحتیاب ہوچکے ہیں۔ کورونا وائرس کے مریضوں کو صحتیاب کرنے کی کوششوں میں پاکستان 29 ویں نمبر پر ہے جہاں 4,072 مریضوں میں سے 467 صحتیاب ہوچکے ہیں۔ پڑوسی ملک بھارت میں 468 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جہاں مریضوں کی تعداد پاکستان سے زیادہ 5,360 ہے۔