اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)وزیر مملکت اینٹی نارکوٹکس شہریار آفریدی کا کہنا ہے کہ تاثر یہ دیا گيا کہ رانا ثناء اللہ شاید بری ہوگئے ہیں، قوم کو بتانا چاہتا ہوں کہ رانا ثناء اللہ ابھی بھی ملزم ہیں۔پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا وزیراعظم اور ہماری پوری ٹیم نا صرف عدالتوں پر یقین رکھتے ہیں بلکہ عدالتوں کی عزت سب پر فرض ہے، یہ نہیں کہ فیصلہ آپ کی مرضی کا آئے تو الگ موقف، خلاف آئے تو الگ موقف ۔شہریار آفریدی نے کہا کہ ہم نے
قانونی معاملات میں کوئی مداخلت نہیں کی، لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کا ابھی تک آرڈرنہیں آیا۔شہریار آفریدی نے کہا کہ اے این ایف ایک پروفیشنل فورس ہے ، ہم نے 17 دن میں تمام ثبوت فراہم کردیئے، 18 ویں دن ٹرائل شروع ہونا تھا، ویسے بھی یہ ضمانتوں کا موسم ہے، حکمران آئیں گے اور چلے جائیں گے، اصل چیز پاکستان اور پاکستان کے ادارے ہیں۔یاد رہے کہ گزشتہ روز لاہور ہائیکورٹ نے رانا ثنا اللہ کو ضمانت پر رہا کر نے کا حکم دیا تھا۔