کراچی (این این آئی) گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ گرین لائن منصوبے کو کراچی کی محبت میں پورا کیا گیا، وزیر اعظم عمران خان گرین لائن منصوبے کا افتتاح کریں گے۔پیر کو پریس کانفرنس کرتے ہوئے عمران اسماعیل نے کہا کہ
وزیر اعظم کی ہدایت پر منصوبوں کا معائنہ کرنے آیا ہوں، منصوبوں کی تفصیلات سے وزیر اعظم کو آگاہ کروں گا۔ 7 فروری کو اس منصوبے کا افتتاح کرنے کے قابل ہوں گے۔گورنر سندھ نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان کو سندھ سے خصوصی محبت ہے، واحد صوبہ ہے جہاں سندھ حکومت کی معاونت کے بغیر ہیلتھ کارڈ دیے گئے۔ گرین لائن کے انفرا اسٹرکچر کا کام وفاق کے ذمے تھا۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم گرین لائن منصوبے کا افتتاح کریں گے، گرین لائن منصوبے کو کراچی کی محبت میں پورا کیا گیا۔ گرین لائن کے کرایے اور سبسڈیز کے فارمولے پر معاہدہ ہوگیا ہے۔ منصوبہ تاخیر کا شکار نہیں ہوا۔گورنر سندھ نے کہا کہ اورنج لائن منصوبے پر سندھ حکومت نے رابطہ کیا کہ وفاق پورا کرے، فنڈز کی کمی کے باعث منصوبے مقررہ وقت سے پہلے ختم نہ ہوسکے۔ سندھ کے لیے بہت سارے منصوبے ہیں جن کے پی سی ون بن رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ 8 ارب روپے انفرا اسٹرکچر ڈیولپمنٹ کو مل چکے ہیں، گرین لائن منصوبے میں معذور افراد کا بھی خیال رکھا گیا ہے۔ وفاق اور صوبے میں رابطے ہوں گے تو منصوبوں میں تاخیر بھی کم ہوگی۔