اسلام آباد(آن لائن)وفاقی کابینہ میں بڑی تبدیلی، شہزاد اکبر کو وزیر اعظم کا معاون خصوصی برائے احتساب اور امور داخلہ مقرر کردیا گیا، ان کا عہدہ وزیر مملکت کے برابر ہوگا۔ شہزاد اکبر کی ازسر نو تعیناتی کا باقاعدہ نوٹیفیکیشن جاری کردیا گیاہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے احتساب شہزاداکبر کو وزیر اعظم عمران خان کا معاون خصوصی برائے احتساب اور امور داخلہ تعینات کردیا گیا۔ شہزاد اکبر کا عہدہ وفاقی وزیر مملکت کے مساوی ہوگا۔ ان کی از سر نو تعیناتی کا باقاعدہ نوٹیفیکیشن جاری کردیا گیا ہے۔وزیراعظم عمران خان نے وفاقی کابینہ کا اہم اجلاس بھی منگل کو طلب کرلیا۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت ہونے والے کابینہ اجلاس کے10 نکاتی ایجنڈے میں ملکی سیاست، معیشت اور گورننس کے ایشوز شامل ہیں۔اجلاس میں آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع کے لیے قانون سازی پر مشاورت ہوگی۔ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ پارلیمانی سیاست، چیف الیکشن کمشنر اور الیکشن کمیشن کے نئے ارکان کی تقرری سے متعلق فیصلے بھی کرے گی۔کابینہ اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) اور کابینہ کمیٹی برائے سرمایہ کاری کے فیصلوں کی توثیق بھی کی جائے گی۔ذرائع کے مطابق واپڈا کے ممبر پاور، ممبر واٹر کی عارضی تقرری اور چیئرمین اکادمی ادبیات کی تقرری کا معاملہ بھی کابینہ اجلاس کے ایجنڈے میں شامل ہے۔اجلاس میں یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن اور کمپٹیشن کمیشن پاکستان سے متعلق بریفنگ بھی دی جائے گی۔