اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) افغان مہاجرین کی سرگرمیوں کو محدود کیا جائے۔ پشاور ہائیکورٹ کا حکومت کو حکم ،نجی ٹی وی کے مطابق پشاور ہائیکورٹ کے جسٹس لال جان خٹک اور جسٹس نعیم انور پر مشتمل بینچ نے سینئر وکیل محمد معظم بٹ کی جانب سے دائر درخواست نمٹادی اور دو صفحات پر مشتمل فیصلہ جاری کیا۔ پشاور ہائیکورٹ نے حکم دیا کہ کوئی بھی درخواست گزار کی اس بات سے اختلاف نہیں کرے گا کہ مہاجرین کی
سرگرمیاں قانون کے مطابق ہونی چاہئیں اور کسی بھی صورت انہی اس بات کی اجازت نہیں دی جاسکتی کہ وہ جو چاہیں کریں کیوں کہ انہیں ایک منظم اور قانون کے مطابق زندگی گزارنا پڑتی ہے۔فیصلے میں مزید کہا گیا کہ مہاجرین کو متعلقہ حکام سے اجازت لیے بغیر کاروبار کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔عدالت کا کہنا تھا کہ اس معاملے کا فیصلہ عدالتی دائرہ اختیار کے تحت نہیں کیا جاسکتا لہٰذا درخواست گزار کا کیس متعلقہ حکام کو بھیجنا مناسب ہے ۔