لندن (این این آئی)لندن میں علاج کے لیے مقیم سابق وزیراعظم نوازشریف دل کا معائنہ کرانے کیلئے لندن برج ہسپتال پہنچے جہاں ان کے مختلف ٹیسٹ لئے گئے۔نوازشریف لندن میں علاج کی غرض سے 19 نومبر سے موجود ہیں اوراس دوران وہ 3 بار طبی معائنے کے لیے گھرسے باہرنکلے ہیں۔دو روز قبل لندن کے یونیورسٹی اسپتال میں دل کے ماہر معالج ڈاکٹرلارنس نے نوازشریف کا طبی معائنہ کیا تھا۔اس حوالے سے نواز شریف کے ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان کا کہنا تھا کہ سابق وزیراعظم نے ڈاکٹر لارنس سے
یونیورسٹی کالج اسپتال (ہارٹ اسپتال) میں دل کا معائنہ کرایا، ان کو دل سے متعلق ٹیسٹ اور علاج کا روڈمیپ دیا گیا ہے۔ڈاکٹر عدنان کے مطابق ڈاکٹر لارنس گائز اسپتال کے ہیماٹولجسٹس کی معاونت سے نواز شریف کا علاج کریں گے۔اس سے قبل پاکستان سے برطانیہ پہنچنے کے بعد لندن کے گائز اسپتال میں نواز شریف کا 4 گھنٹے تک طبی معائنہ ہوا تھا اس دوران ان کے دل کے معائنے کے ساتھ خون کے ٹیسٹ بھی کیے گئے تھے جن کے نتائج آئندہ چند روز میں آئیں گے۔