اسلام آباد(آن لائن) سپریم کورٹ خیبرپختونخوا حکومت زراعت کے ملازم احمد سعید کی طرف سے تنخواہ کی ادائیگی سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران ریمارکس دیتے ہوئے کہا ہے کہ ملازمین جب کام نہیں کرتے تو تنخواہ کیوں مانگتے ہیں۔ ہمیں لگ رہا ہے کے پی کے حکومت دیوالیہ ہوجائے گی۔ معلوم نہیں پشاور ہائی کورٹ کیا کر رہی ہے ؟ ہمیں ان کے احکامات کی بھی سمجھ نہیں آ رہی ۔ کیس کی سماعت جسٹس گلزار احمد کی
سربراہی میں 2 رکنی بنچ نے کی ۔ دوران سماعت جسٹس گلزار احمد نے سوال اٹھایا کہ کیا جس وقت کی تنخواہ کا تقاضا کیا جا رہا ہے اس وقت آپ نے کام بھی کیا ہے یا نہیں۔ جس پر محکمہ زراعت کے ملازم احمد سعید کے وکیل نے موقف اپنایا کہ میرے موکل نے کچھ عرصہ کام کیا اور کچھ عرصہ کام نہیں کیا ۔ٹیکس ہائی کورٹ واضح احکامات دیئے ہیں ۔ عدالت نے احمد سعید کی تنخواہ کی ادائیگی سے متعلق درخواست خارج کرتے ہوئے معاملہ نمٹا دیا ہے ۔