اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)ابرار الحق کی بطور چیئرمین ہلال احمر تعیناتی کا نوٹیفکیشن معطل ۔نجی ٹی وی کے مطابق اسلام آبادہائیکورٹ میں ابرارالحق کی بطور چیئرمین ہلال احمر تعیناتی کیخلاف درخواست پر سماعت ہوئی۔
چیف جسٹس اطہر من اللہ نے درخواست پر سماعت کی ،اٹارنی جنرل انور منصور بغیر نوٹس کے عدالت کے سامنے پیش ہوئے ،چیف جسٹس اطہر من اللہ نے کہا کہ ابھی تو نوٹس بھی نہیں ہوئے اور اٹارنی جنرل موجود ہیں،پہلے کیس بتائیں میں نے فائل نہیں پڑھی۔چیف جسٹس نے استفسار کیا قانون بتائیں کیا یہ تعیناتی خاص مدت کی تقرری ہوتی ہے،چیئرمین کو ہٹانے کا طریقہ کہاں لکھا ہے؟وکیل درخواست گزار نے کہا کہ رولز میں چیئرمین کو ہٹانے کا کوئی طریقہ موجود نہیں ،اٹارنی جنرل نے کہا کہ ایگزیکٹو کے پاس اختیار ہے کسی وقت بھی چیئرمین کو برطرف کردے،چیئرمین کی برطرفی کانوٹیفکیشن چیلنج نہیں کیا گیا،اٹارنی جنرل نے کہا کہ چیئرمین کے خلاف کوئی الزام نہیں اس لئے ان کو کوئی نوٹس نہیں کیاگیا۔عدالت نے ابرارالحق کی بطورچیئرمین ہلال احمر تعیناتی کا نوٹیفکیشن معطل کردیا۔ چیف جسٹس اطہر من اللہ نے کہا ہے کہ آئندہ سماعت تک ابرار الحق کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن معطل رہے گا ،عدالت نے اٹارنی جنرل، اسٹیلبشمنٹ ڈویژن ،ابرارالحق اور دیگر کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا،کیس کی سماعت اب29 نومبر کو دوبارہ ہوگی۔