اسلام آباد (این این آئی) اسلام آباد ہائی کورٹ میں معاو ن خصوصی فردوس عاشق اعوان کے خلاف دائر توہین عدالت کی ایک اور درخواست سماعت کے لیے مقرر کر دی گئی ،اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب آئندہ ہفتے سماعت کریں گے۔
فردوس عاشق اعوان کے خلاف ایکسل لوڈ کے حوالے سے عدالتی حکم کی خلاف ورزی پر درخواست دائر کی گئی ۔ درخواست گزار نے کہاکہ ایکسل لوڈ پر عمل درآمد معطل کرنے کے وزارت مواصلات کے نوٹیفکیشن پر حکم امتناع جاری کیا،عدالت نے حکم امتناع کے بعد ایکسل لوڈ کے قانون پر مکمل عمل درآمد کی ہدایت کی۔درخواست میں کہاگیاکہ فردوس عاشق اعوان نے ٹویٹ میں کہاکہ وزیراعظم نے ایم نائن موٹروے پر ایکسل لوڈ پر عمل درآمد روک دیا۔درخواست میں موقف اختیار کیاگیاکہ فردوس عاشق اعوان کی ٹویٹ عدالتی حکم کی صریحاً خلاف ورزی ہے، عدالت کی حکم عدولی کرنے پر فردوس عاشق اعوان کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی شروع کی جائے۔درخواست میں کہاگیاکہ عدالت نے نیشنل ہائی وے آرڈیننس 2000 کے تحت اوور لوڈنگ پر مکمل پابندی کے حکم پر عمل کی ہدایت کی،قانون کے مطابق فی ایکسل وزن پر عملدرآمد کرکے سڑکوں کی حفاظت کی جاسکتی ہے۔درخواست میں کہاگیاکہ صنعت کار کی کم کرائے میں زیادہ وزن کی ٹرانسپورٹیشن سے سڑکیں متاثر ہوتی ہیں۔ یاد رہے کہ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کے خلاف پہلے بھی توہین عدالت کیس کا فیصلہ محفوظ ہے ،اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ 25 نومبر کو محفوظ فیصلہ سنائیں گے۔