چناری(آن لائن)بھارتی فوج کی وادی لیپاء کی سول آبادی پر علی الصبح بلا اشتعال گولہ باری،فائرنگ پانچویں جماعت کے طالب علم سمیت دو افراد زخمی آٹھ مکانات تباہ۔تفصیلات کے مطابق بھارتی فوج نے جمعرات کی علی الصبح وادی لیپاء کے دیہاتوں سد پورہ،لب گراں،گھاسلہ ،چھت کھریاں اور دیگر پر بلا اشتعال گولہ باری اور فائرنگ کی۔
جس کے نتیجہ میں عابد علی ولد امان اللہ ساکنہ لبگراں اور پانچویں جماعت کے طالب علم شاہد شفیع ولد محمد شفیع ساکنہ کائی منجہ گھڑی ڈوپٹہ زخمی ہو گئے جنہیں ایم ڈی ایس لیپاء میں ابتدائی طبی امداد کے بعد مظفرآباد ریفر کر دیا گیا ہے ۔بھارتی فائرنگ کے باعث غلام نبی ولد عبدالعزیز ساکنہ لبگراں کا رہائشی مکان مکمل ،محمد رفیق ولد امیر اللہ ،منیر احمد ولد کریم اللہ ،امان اللہ غازی ولد کریم اللہ مغل ،عبدالحمید غلام حسین مغل ،محمد ثاقب ولد خلیل الرحمن ساکنان لبگراں،محمد مشتاق ولد محمد مر سلین ساکنہ غئی پورہ اور ایک نامعلوم شخص کا رہائشی مکان جزوی طورتباہ ہونے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں ۔بھارتی گولہ باری کے باعث وادی لیپاء کے تعلیمی ادارے اور بازار جمعرات کے روز بند رہے۔ شدید بارش کے ساتھ ساتھ بھارتی گولہ باری کے باعث وادی لیپاء کی آبادی محصور ہو کر رہ گئی اور شدید مشکلات اور پریشانیوں کا شکار ہے۔ پاک فوج نے دشمن کی بلا اشتعال گولہ باری کا موثر جواب دیا جس کے بعد بھارتی گنیں خاموش ہو گئیں اور ایل او سی کے قریب بسنے والے لوگوں نے سکھ کا سانس لیا ۔