اسلام آباد (این این آئی) پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے واضح کیا ہے کہ کسی بھی صورت میں ملکی استحکام پر آنچ نہیں آنے دیں گے، فوج ریاست کا ادارہ ہے جو قومی اداروں کی مدد کیلئے آئین و قانون کے تحت فرائض انجام دیتا رہے گا، مذموم مقاصد کیلئے قربانیوں کے ثمرات کو رائیگاں نہیں جانے دیں گے۔
پیر کو آرمی چیف جنر ل قمر جاوید باجوہ کی زیر صدارت میں جی ایچ کیو میں 226ویں کور کمانڈر زکانفرنس ہوئی جس میں قومی سلامتی اور جیو اسٹریٹیجک حالات کا جائزہ لیاگیا۔ اجلاس میں فورم نے داخلی سلامتی، مشرقی سرحد، ایل او سی،مقبوضہ جموں و کشمیر کی صورتحال کا بھی جائزہ لیاگیا۔کور کمانڈرز نے کہاکہ تمام خطرات کے خلاف ملک کا دفاع کریں گے۔ آرمی چیف نے کہاکہ پاکستان کی بہتر امن واستحکام کی صورتحال قوم، قومی اداروں اور افواجِ پاکستان کی قربانیوں کی مرہونِ منت ہے۔ انہوں نے کہاکہ کسی بھی مذموم مقصد کیلئے ان قربانیوں کے ثمرات کو رائیگاں نہیں ہونے دیں گے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان فوج، ملکی اداروں کی مدد کیلئے آئین اور قانون کے تحت تمام تفویض کردہ فرائض انجام دیتی رہے گی۔انہوں نے کہاکہ افواجِ پاکستان ہر قسم کے چیلنجز بشمول مشرقی سرحد اور ایل او سی سے نمٹنے کے لئے تیا ر ہے۔ انہوں نے کہاکہ اہم قومی معاملات پر تما م اسٹیک ہولڈرز کی مسلسل ہم آہنگی دشمن قوتوں کو شکست دینے کیلئے انتہائی ضروری ہے۔ آرمی چیف نے کہاکہ کسی کے مذموم ایجنڈے کی تکمیل کیلئے ہم اس استحکام پر آنچ آنے کی اجازت کسی قیمت پر نہیں دیں گے۔ جنرل قمر جاوید باجوہ نے واضح کیا ہے کہ کسی بھی صورت میں ملکی استحکام پر آنچ نہیں آنے دیں گے، فوج ریاست کا ادارہ ہے جو قومی اداروں کی مدد کیلئے آئین و قانون کے تحت فرائض انجام دیتا رہے گا