اسلام آباد،لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک،این این آئی)سابق وزیراعظم نواز شریف کی طبیعت میں معمولی بہتری ، میڈیکل بورڈ کے سربراہ ڈاکٹر محمد ایاز نے کہا کہ نواز شریف کے لیے ایک آپریشن تھیٹر تیار کر لیا گیا ہے۔اس آپریشن تھیٹر کے عملے کو 24 گھنٹے الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ نواز شریف بظاہر ٹھیک ہیں، پلیٹ لیٹس میں اتار چڑھاؤ کے باعث اندرونی طور پر بہت ٹوٹ پھوٹ ہوئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پچھلے دنوں نواز شریف کو انجائنا کا اٹیک ہوا تھا، پلیٹ لیٹس بڑھانے کے لیے مزید دوائیں اور انجیکشن نہیں دے سکتے، پلیٹ لیٹس بڑھانے کی دوائی دل پر پریشر ڈالتی ہے اور کوئی بھی دوائی بڑھانے سے گردے پر اثر پڑتا ہے جب کہ ادویات دینے سے یوریا کیریٹین بھی بڑھ جاتا ہے جو گردوں کو متاثر کر رہا ہے۔دوسری جانب سروسزہسپتال میں سابق وزیراعظم نواز شریف کے علاج پر مامور ینگ ڈاکٹروں نے کام چھوڑ دیا، میڈیکل بورڈ کے علاوہ سروسزہسپتال کے ڈاکٹروں کو نواز شریف کی دیکھ بھال کے لیے لگایا گیا تھا۔ نجی ٹی وی کے مطابق نواز شریف کی دیکھ بھال کے لیے آٹھ ڈاکٹروں کو مامور کیا گیا تھا۔ تین ڈاکٹرز صبح، تین شام اور دو رات کی شفٹ میں کام کررہے تھے۔میڈیکل آفیسرز نواز شریف کے علاج میں سینئر پروفیسرز کی معاونت کرتے تھے اورپروفیسرزکے احکامات پیرامیڈکس کے ذریعہ عملدرآمد یقینی بناتے تھے۔واضح رہے کہ گرینڈ ہیلتھ الائنس کی کال پر پنجاب کے ٹیچنگ اسپتالوں میں ڈاکٹرز نے ہڑتال کررکھی ہے۔