کراچی(این این آئی)وفاقی حکومت نے سٹیٹ بینک آف پاکستان سے بجٹ اخراجات پورے کرنے کیلئے قرض لینے کےتمام ریکارڈتوڑدیئے ہیں۔حکومت نے اخراجات پورے کرنے کیلئے ایک ہفتے کے دوران مرکزی بینک سے 16 کھرب روپے سے زائد رقم کاقرض لیا۔
اسٹیٹ بینک کے مطابق گزشتہ ہفتے کے دوران حکومت نے بجٹ اخراجات پورے کرنے کیلئے مرکزی بینک سے16کھرب14 ارب 83 کروڑ روپے کے نئے قرضے لیے، نئے قرض سے 14 کھرب 97 ارب 94 کروڑ روپے کمرشل بینکوں کا پرانا قرض اتارنے میں استعمال ہوئے جبکہ 116 ارب 89 کروڑ روپے سے دوسرے بجٹ اخراجات پورے کیے گئے۔مرکزی بینک کی رپورٹ کے مطابق رواں مالی سال سے اب تک وفاقی حکومت مرکزی بینک سے مجموعی طورپر48 کھرب 38 ارب 17 کروڑ روپے قرض لے چکی ہے جو ایک نیا ریکارڈ ہے، رواں مالی سال کے سوا10 ماہ کے دوران حکومت کی طرف سے مرکزی بینک سے جتنا قرض لیاگیا وہ ماضی کی تمام حکومتوں کی طرف سے مرکزی بینک سے لیے گئے قرضوں کے مجموعی حجم سے بھی36فیصد زیادہ ہے۔30جون 2018تک مرکزی بینک سے لیے گئے حکومتی قرضوں کامجموعی حجم 35 ارب 39 کروڑ 46 کروڑ روپے تھا جو نئے قرضے شامل ہونے سے 83 کھرب 77 ارب روپے سے بھی بڑھ گیاہے۔